ہمارا فوکس ن لیگ اور مخالف نواز شریف ہے:علی قاسم گیلانی
لاہور(نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما علی قاسم گیلانی نے کہا ہمارا فوکس اور مخالف ن لیگ اور نواز شریف ہے۔کیا نواز شریف لاڑکانہ جا کر الیکشن لڑنے کی جرات کر سکتے ہیں۔ وہ پیپلز پارٹی لاہور کے زیراہتمام پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں این اے 127کی زونل تنظیموں 161، 162 ،163اور 164 کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے پی پی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل،صداقت شیروانی، رانا ذوالفقار، شیخ عرفان ،پروین شیخ،نسیم سہوترا‘خالد گل،شاہد عباس کاظمی،خدیجہ حسن نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے علی قاسم گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ سیاسی جماعت ہے جو پارٹی تنظیموں کو ساتھ لیکر چلتی ہے۔ ذاتی اختلافات بھلا کر پیپلز پارٹی کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔بلاول بھٹو آج تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ رہے ہیں،ان کے استقبال کی بھر پور تیاری کرنا ہو گی۔پیپلز پارٹی لاہور میں بنی اور ہم ہی لاہور کے وارث ہیں۔