قومی یکجہتی کے فروغ میں دینی مدارس کا اہم کردار : میجر جنرل(ر) ڈاکٹر غلام قمر
لاہور (نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیم میجر جنرل(ر) ڈاکٹر غلام قمر نے گزشتہ روز نظام المدارس پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ پہنچنے پر ڈپٹی چیئرمین نظام المدارس پاکستان خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، محمد فاروق رانا، علامہ اشتیاق چشتی، ساجد برہانی، نوراللہ صدیقی نے ان کا استقبال کیا۔ڈائریکٹر رجسٹریشن ریلیجس ایجوکیشن فیصل شیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میجر جنرل(ر) ڈاکٹر غلام قمر نے نظام المدارس پاکستان کے شعبہ امتحانات، ای لرننگ، منہاج ٹی وی، پروڈکشن ہاؤس اور فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں نظام المدارس پاکستان اور منہاج القرآن کے زیر اہتمام کام کرنے والے تعلیمی ادارہ جات کی ڈاکومنٹریز دکھائی گئیں۔ ڈی جی ریلیجس ایجوکیشن نے اس موقع پر گفتگو کرتے کہا کہ قومی یکجہتی کے فروغ میں دینی مدارس کا کردار اہم ہے،مدارس دینیہ کے فارغ التحصیل طلبہ کو فنی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کیلئے روزگار کے باعزت مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ریلیجس ایجوکیشن میجر جنرل(ر) ڈاکٹر غلام قمر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قرآنک انسائیکلوپیڈیا اور فروغ امن کے لئے تحریر کی گئیں کتب کو سراہا۔