بریگیڈیئرمسرت اللہ خان نے مشیر برائے صدر پی ایچ ایف کا منصب سنبھال لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگٹی کی جانب سے نوتعینات شدہ ایڈوائزر بریگیڈیئر مسرت اللہ خان نے منصب سنبھال لیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈکواٹرز لاہور میں آمد پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف اولمپیئن خالد بشیر نے ایگزیکٹو سیکرٹری پی ایچ ایف علی عباس کے ہمراہ ایڈوائزر صدر پی ایچ ایف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ سردار نوید حیدر، سید سہیل اطہر، اولمپیئن محمد ثقلین اولمپیئن ریحان بٹ بھی موجود تھے۔ ایڈوائزرصدر پی ایچ ایف بریگیڈیئررمسرت اللہ خان نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی کھیل کی بہتری کیلئے بھرپور کاوش کرونگا۔ ہاکی فیڈریشن کے موجودہ معاشی حالات میں یہ ایک مشکل ٹاسک ثابت ہوگا تاہم پروفیشنل ازم ، میرٹ اور مضبوط قوت ارادی سے چیزیں بہتر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اولمپک کوالفائز جیسا ایونٹ ہاکی کے بڑے ایونٹس میں سے ایک ہے،اس جانب توجہ ضروری ہونی چاہئے ۔ افراد کے آنے اور جانے سے فرق نہیں پڑتا۔ تاہم افسوس کی بات ہے کہ نقصان ہاکی کا ہوتا ہے۔ پاکستان ہاکی کی ترقی اور بہبود کے لئے بھرپور کوشش کرونگا۔