کاغذات نامزدگی مسترد، آر اوز کے فیصلے جاری کیے جائیں: فافن
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے عام انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر اوز کے فیصلے شائع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ’’فافن‘‘ نے کہا کہ یہ ریٹرننگ افسر کسی بھی امیدوار کے کاغذات مسترد کرنے کا اپنا فیصلہ جاری کریں۔ فافن کے مطابق تفصیلی فیصلوں کا اجرا کاغذات مسترد کرنے کی وجوہات جاننے کے لئے ضروری ہے۔ فافن نے کہا کہ ضوابط کے خلاف کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر الیکشن کمشن اختیارات استعمال کرے۔ فافن کے مطابق خلاف ضابطہ کاغذات مسترد کرنے پر الیکشن کمشن متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔ جبکہ الیکشن 2018ء کے لئے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 10.4 فیصد تھی جبکہ الیکشن 2013ء کے لئے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 14.6 فیصد رہی تھی۔