جاپان میں زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری، نو توریجن میں لہریں بلند ہونے کا امکان
ٹوکیو(این این آئی)وسطی جاپان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جاپان میں زلزلے کی شدت 7.4ریکارڈ کی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں زلزلے کے بعد شہریوں کو بلند مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ جاپان کے نوتو ریجن میں آیا۔جاپانی میڈیا کے مطابق نوتو ریجن میں سونامی کے باعث لہریں 5میٹر تک بلند ہونے کا امکان ہے۔میڈیا کے مطابق اشی کاوا، نیگاتا، تویوما صوبوں کے ساحلی ریجن کیلئے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جاپان کے صوبے اشیکاوا کی بندرگاہ پر 1.2میٹر بلند سونامی لہر ریکارڈ کی گئی۔جاپانی الیکٹرک پاور کمپنی کے مطابق جاپان میں زلزلے کے باعث 36ہزار سے زائد گھروں کو بجلی منقطع ہو گئی ہے۔جاپان میں زلزلے کے مرکز کے اردگرد کی کئی اہم شاہراہیں بند کردی گئیں اور نوتو ریجن کے درمیان چلنے والی بلٹ ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی۔ترجمان جاپانی حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔جنوبی کوریائی میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق جاپان زلزلے کے بعد جنوبی کوریا کے مشرقی صوبے میں سمندرکی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔