• news

ہر ایک کو سیاست کا اختیار‘ الیکشن ملتوی ہونے کا امکان نہیں: وزیر اطلاعات

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضٰی سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں، انتخابات8 فروری 2024ء کو ہوں گے۔ ملک میں سیاست پر کوئی پابندی نہیں، ہر ایک کو سیاست کرنے کا اختیار ہے۔ سیاسی تقسیم سیاستدانوں کو خود مل بیٹھ کر ختم کرنا ہو گی۔ منگل کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی گزشتہ روز ہونے والی گفتگو میں کوئی قابل اعتراض بات نہیں ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے بھی لواحقین ہیں اور اگر وہ احتجاج کرتے ہیں تو میں ان کے احتجاج کے حق کا احترام کرتا ہوں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آئے ہوئے مظاہرین اسلام آباد پریس کلب کے سامنے اپنی مرضی سے بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان کے ساتھ کسی نے زور زبردستی نہیں کی۔ تاحال مظاہرین نے اپنے مطالبات کی فہرست ہمیں نہیں بھجوائی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچ یکجہتی کمیٹی کا حصہ نہیں ہے۔ میرے خیال میں مظاہرین کو خود ہمارے ساتھ اپنے مطالبات پیش کرنے چاہئیں۔ بدقسمتی سے کچھ سیاسی گروہ بلوچ مظاہرین کو اپنے سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ لیول پلینگ فیلڈ کی شکایت ہر کوئی کر رہا ہے۔ شکایت کرنے سے کسی کو روکا نہیں جا سکتا۔ اگر کسی سے کوئی زیادتی ہوئی ہے تو اس کے لئے پلیٹ فارمز موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن پر جب تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع ہو گا تو پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین کا انٹرویو بھی نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے ٹاک شوز میں تمام جماعتوں کے لوگوں کو دعوت دی جاتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں ریٹرننگ افسران انتظامیہ سے لئے گئے، اس وقت پی ٹی آئی نے ان پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

ای پیپر-دی نیشن