• news

نوازشریف، شہباز کے کاغذات نامزدگی چیلنج، اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری موقع

اسلام آباد+ لاہور+ فیصل آباد (ایجنسیاں+ خبر نگار+ نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری  رہا، آج  اپیلیں دائر کرنے کا آخری دن ہے۔ ریٹرننگ افسروں کی طرف سے کاغذات مسترد کرنے کے تحریری فیصلوں میں مسلسل تاخیر سے امیدوار پریشان رہے، الیکشن ٹربیونلز میں کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف امیدواروں کی اپیلوں پر سماعتیں ہوئیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ الیکشن ٹریبونل میں این اے 82، پی پی 80 اور 71 سے نعیم حیدر پنجوتھہ، این اے 112 اور پی پی 135 سے امیدوار رانا اعجاز جمیل حسن، این اے 99 اور پی پی 107 سے امیدوار عمر فاروق سمیت 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کر دیں۔ جسٹس راحیل کامران شیخ پر مشتمل الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے پی پی 31  گجرات سے ضیغم عباس پی پی 44 سیالکوٹ سے سعید احمد ملہی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے  5 جنوری جواب طلب کرلیا، پی پی 51 ڈسکہ سے ن لیگ کے امیدوار محمد افضل منشا کی اپیل پر 3 جنوری کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔ این اے 132  سے شہباز شریف  کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج کر دی۔ شاہد اورکزئی کی اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف سپریم کورٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ حلقہ این اے 122  این اے 89  میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر بانی تحریک انصاف نے دستخط کردیئے۔ لیگل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں جا کر دستخط کروائے۔ این اے 122 کی اپیل آج لاہور اور این اے 89 کی اپیل پنڈی میں دائر ہو گی۔ نواز شریف کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں این اے 15 مانسہرہ سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل دائر کی گئی۔ اپیل کی سماعت 5 جنوری کو ہو گی۔ فیصل آباد میں این اے 100 میں رانا ثناء اللہ کے مدمقابل پی ٹی آئی کے متوقع امیدوار ڈاکٹر نثار احمد نے کاغذات مسترد کئے جانے کے خلاف ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو اپیل جمع کرا دی ہے۔ این اے 98 سے پی ٹی آئی کے متوقع امیدوار حافظ ممتاز اور پی پی 111 میں امیدوار اسد معظم نے بھی اپیل جمع کرا دی ہے۔ اسلام آباد سے وقائع نگار کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی نشستوں سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف مزید پانچ امیدواروں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں قائم الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل میں اپیلیں دائر کر دیں۔ پی ٹی آئی کے نیاز اللہ نیازی، سہیل ستی، سید ظفر علی شاہ،  پیپلز پارٹی کے سید سبط الحیدر بخاری، جماعت اسلامی کے کاشف چودھری نے ریٹرننگ افسروں کی جانب سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف الگ الگ اپیلیں دائر کیں۔جسٹس راحیل کامران شیخ پر مشتمل الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف مزید 11 اپیلوں پر ریٹرننگ افسروں سے 5 جنوری تک جواب طلب کر لیا ہے۔ ٹریبونل نے اپیلوں کا ابتدائی طور پر جائزہ لینے کے بعد انہیں سماعت کے لیے منظور کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمشن کی جانب سے جواب آجائے، اس کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن