یو اے ای کی کلاڈو سیڈنگ ٹیم سے ملاقات، جنوری میں پھر مصنوعی بارش برسائی جائیگی: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی سے لاہور میں مصنوعی بارش کرنے والی عرب امارات کے محکمہ موسمیات کی کلاؤڈ سیڈنگ ٹیم کے سربراہ احمد الکمال کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے سموگ میں کمی کے لئے مصنوعی بارش برسانے والے یو اے ای کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت لاہور میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مصنوعی بارش برسانے پر امارات کے تعاون پر شکریہ ادا کرتی ہے۔ سموگ میں کمی کیلئے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی اور امارات کی ٹیم مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسا ئے گی تاکہ سموگ لیول میں مزید کمی لائی جا سکے۔ پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش کا لاہور میں کامیاب تجربہ کیا گیا اور ایئر کوالٹی لیول کئی روز 200سے نیچے رہا۔ امید ہے کہ جنوری میں مناسب بادل آتے ہی دوبارہ مصنوعی بارش برسائی جائے گی۔ علاوہ ازیں سال نو کے دوسرے روز محسن نقوی نے رات گئے شدید سردی میں زیر تعمیر نئے راوی پل اور شاہدرہ چوک کے دورے کیے اور راوی برج پر رات کی شفٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے پل کی جلد تعمیر کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور31 جنوری تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔ محسن نقوی نے شاہدرہ چوک کے اطراف سڑکوں کی تعمیر پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اور شاہدرہ چوک پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند روز میں شاہدرہ چوک کی اطراف کی سڑکیں اور دیگر کام مکمل ہونے چاہئیں۔ ادھر محسن نقوی کی مسلسل مانیٹرنگ اور دوروں سے پی آئی سی کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کا 99 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کا گراؤنڈ فلورکو جلد مریضوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اپ گریڈ ہونے والی ایمرجنسی کا تفصیلی دورہ کیا۔ فنشنگ کے کاموں کا مشاہدہ کیا اور معیار کا جائزہ لیا۔