مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سرتاج عزیز انتقال کر گئے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، ملک کے سابق وزیر خزانہ‘ وزیر خارجہ اور پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے، ممتاز ماہر اقتصادیات و معاشیات سابق سینیٹر سرتاج عزیز انتقال کر گئے۔ وہ 1929ء میں پیدا ہوئے۔ احسن اقبال نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ سینٹر سرتاج عزیز نے تحریک پاکستان میں بھی حصہ لیا۔ سر تاج عزیز نے پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات میں تعلیم مکمل کی اور بیرون ملک سے بھی اعلی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 1952 سے 1971 تک سول سرونٹ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ سینیٹر سرتاج عزیز کا تعلق پشتون ککے خیل فیملی سے تھا اور وہ خیبر پی کے کے ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے 1997 سے 1998 تک ملک کے وزیر خزانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، وہ ملک کے وزیر خارجہ بھی رہے اور قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر کے طور پر بھی کام کیا۔ انہوں نے قائد اعظم یونیورسٹی میں بھی معاشیات اور فلاسفی پر لیکچر دئیے۔ انہوں نے معاشیات اور فلاسفی پر بین الاقوامی کتابیں لکھیں۔ ان کی عمر تقریباً 95 برس تھی۔ وہ بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی رہے۔ حکومت پاکستان نے ان کو سول اعزازات سے بھی نوازا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر سابق وزیر خزانہ کے انتقال سے متعلق بتایا۔ اپنے پیغام میں احسن اقبال نے تحریر کیا کہ سرتاج عزیز تحریک پاکستان میں شامل اہم شخصیات میں سے ایک اور قوم کا عظیم اثاثہ تھے۔ قوم کے لیے سرتاج عزیز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے تحریر کیا کہ مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا اور میں ان کے پیار اور رہنمائی کو کبھی نہیں بھولوں گا۔ احسن اقبال نے اپنے پیغام کے اختتام میں یہ بھی تحریر کیا کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے سرتاج عزیز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سرتاج عزیز مشہور شخصیت تھے جنہوں ملک کی بے لوث اور مثال خدمت کی۔ سرتاج عزیز کو ہمیشہ علمی صلاحیتوں اور دیانتداری کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ سرتاج عزیر کی نماز جنازہ آج اڑھائی بجے دوپہر ایچ ایٹ قبرستان اسلام آباد جنازہ گاہ میں ادا کی جائے گی اور تدفین ہو گی۔ صدر عارف علوی نے اظہار افسوس کرتے مرحوم کی مغفرت اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔شہباز شریف نے اظہار تعزیت کرتے کہا سرتاج عزیز سچے‘ مخلص اور ایماندار پاکستانی تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے معیشت اور فنانس کے شعبہ میں مثالی خدمات انجام دیں۔ فاٹا اصلاحات‘ معاشی پالیسیوں‘ زرعی سٹریٹیجز اور پانی کے حوالے سے یادگار خدمات انجام دیں۔ مرحوم اپنی ذات میں ایک انسٹی ٹیوشن تھے۔ شہباز شریف نے انکے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے دعا کی اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔