عمر ڈار مبینہ اغوا کیس، ہائیکورٹ نے آج دوبارہ رپورٹ طلب کر لی
لاہور (خبرنگار) ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عمر ڈار کے مبینہ اغوا پر سی سی ٹی وی فوٹیج کی روشنی میں پولیس سے آج دوبارہ رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر پولیس یونیفارم میں افراد ہیں تو ان کے بارے میں آئی جی پنجاب بتائیں، پولیس اہلکار ہیں تو وہ کس تھانے کے تھے؟۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمر ڈار کو ڈیفنس لاہور کے ایک نجی کیفے سے پولیس یونیفارم میں ملبوس افراد سمیت 40 سے زائد لوگ اغوا کر کے لے گئے۔ جمعہ والے دن 10 بجے سے 12 بجے کے درمیان کی وہاں سے فوٹیج نکالیں، سب کچھ سامنے آ جائے گا۔ مغوی کی والدہ سیالکوٹ سے خواجہ آصف کیخلاف الیکشن لڑ رہی ہیں، مغوی کے خاندان کو مسلسل سیاسی انتقام کا نشان بنایا جا رہا ہے۔