نارنگ منڈی‘ چنیوٹ‘ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہری شدید پریشان‘ شیخوپورہ میں احتجاجی مظاہرہ
شیخوپورہ‘ نارنگ منڈی‘ چنیوٹ (نمائندہ خصوصی + نمائندگان نوائے وقت ) شیخوپورہ‘ نارنگ منڈی‘ چنیوٹ میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سوئی گیس کے بلوں میں فکس چارجز کی مد میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے جس پر شیخوپورہ گیس صارفین نے شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ شدید سردی کے موسم میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ لوگوں کو کھانا پکانے کیلئے بھی گیس دستیاب نہ ہے۔ اس سلسلہ میں ہائوسنگ کالونی، بھکھی روڈ، طارق روڈ، پرانا شہر، دسہرہ گرائونڈ میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور فکس چارجز پر صارفین نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔ شہری گھریلو معمولات چلانے کے لئے سوئی گیس کا بل اداکرنے کے ساتھ ایل پی جی اور متبادل ذرائع کا اضافی بوجھ برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ ایسے میں ایل پی جی فروخت کرنے والے منہ مانگی قیمتیں وصول کررہے ہیں۔ ایک ہی شہر میں ایک کلومیٹر کے اندر ایل پی جی گیس کی فی کلو مختلف قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔ عوام نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔