الیکشن اپنے زور پر لڑیں گے، کسی کو سکیورٹی خدشہ ہے تو گھر بیٹھ جائے: پرویز خٹک
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پرویز خٹک نے کہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہو رہے ہیں، اپنے زور اور منشور پر لڑیں گے کسی کو سکیورٹی خدشات ہیں تو گھر بیٹھ جائے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مقابلہ سیاست کے میدان میں اچھا ہوتا ہے، 13 جنوری کے بعد امیدواروں کو سامنے لائیں گے۔ الیکشن ہو رہے ہیں ہمیں کوئی خدشہ نہیں ہے، الیکشن کی تیاری سب شروع کریں۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ جو بھی کرے گا ان کو نقصان ہو گا۔ پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز میں لوگ تیزی سے شامل ہو رہے ہیں۔ ہمارے ہر جماعت سے اچھے تعلقات ہیں کسی پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کر رہا، جو بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گا عوام کو دھوکہ دے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی شامل ہو تو لیڈر نکلے تو لوٹا کہلاتا ہے میں لوٹا نہیں ہوں، میں نے یہ پارٹی تحریک انصاف سے مقابلے کیلئے بنائی ہے۔ سیاسی جماعتوں نے جیتنے کے بعد منشور کا خیال نہیں رکھا، میری ایک زبان ہے کسی پارٹی سے سیاسی اتحاد نہیں کروں گا۔ سیاسی اتحاد کے حق میں نہیں اس سے جمہوریت کو نقصان ہوتا ہے۔