افغان رہنما ملاشیرین سے ملاقات ’’نتیجہ خیز‘‘ رہی: وزیرخارجہ
اسلام آباد( خبرنگارخصوصی) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغان طالبان کے سینئر رہنما اور گورنر قندھار ملا شیرین اخوند سے ملاقات کی اور افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطے اور باہمی طور پر مفید تعلقات قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ قندھار کے گورنر اور افغان وزارت دفاع کے سٹرٹیجک انٹیلی جنس کے نائب سربراہ ملا شیریں اخوند کے ساتھ ملاقات نتیجہ خیز رہی۔ ملاقات میں تجارت اور رابطے کی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پاک افغان جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا چھٹا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق افغان وفد نے پاکستان افغانستان کوآرڈی نیشن کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق پاک افغان سرحد پر نقل و حمل کیلئے لائحہ عمل کو مربوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے روانڈا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف لیفٹیننٹ جنرل مبارک موگانا نے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، استعداد کو بڑھانے اور تجارت میں بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔