• news

پنجاب میں جرائم کی شرح 30فیصد کم ہوگئی، سیف سٹی پراجیکٹس میں 86ارب روپے بچائے: محسن نقوی

  لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی سے  پاکستان پولیس اکیڈمی کے50ویں کامن کے 34 زیر تربیت اے ایس پیز نے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے زیرتربیت اے ایس پیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے پولیسنگ سسٹم کو ختم کرکے نئے دور کے اطوار کو اپنانا چاہیے۔ شہریوں سے اچھا سلوک اور بہتر پولیسنگ اچھے پولیس افسر کی پہچان ہیں۔ پولیس افسر کو بغیر سفارش کے آئے شہری سے اچھا برتاؤ کرنا ہے۔ بہتر پبلک ہینڈلنگ اور پولیسنگ سے ہی پولیس افسر کو اچھی شہرت، اچھا نام اور اچھا کیریئر ملتا ہے۔ پولیس اور انتظامی افسران کو شہریوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ ینگ پولیس افسر عام آدمی کے ساتھ اچھا برتاؤ اور لگن کے ساتھ مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں۔ 50فیصد کام پبلک ہینڈلنگ اور 50فیصد پولیسنگ کا ہے، اس میں مہارت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسر عوام، سینئرز اور سائلین سے اچھے رویے کے ساتھ پیش آئیں۔ 11 ماہ میں 20ہزار سے زائد پولیس افسروں اور ملازمین کو ترقیاں دیں۔ 20برس کے دوران پولیس میں اتنی ترقیاں نہیں دی گئی جتنی 11ماہ میں ہم نے دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری کے لئے بعض اوقات سختی بھی کرنا پڑتی ہے۔ لوگ 20,20 سال سے گاڑیاں چلارہے ہیں لیکن ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں۔ لاہور میں 90فیصد لوگوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہی نہیں تھا۔ ماضی میں لاہور میں 245لائسنس روزانہ بنتے تھے، اب ایک سیکنڈ میں 3لائسنس بن رہے ہیں۔ 60،70 سال میں 65لاکھ ڈرائیونگ لائسنس تھے، اب چند ماہ میں 1کروڑ 15لاکھ بن چکے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ پولیس شہداء کی فیملیز کے لئے 200کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس 100ارب روپے میں بنیں گے لیکن ہم نے اپنے وسائل سے  3شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس بنانے کا اقدام اٹھایا اور 86ارب روپے بچائے۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس صرف 14ارب روپے میں بنائے جارہے ہیں۔ دیگر 18شہروں میں بھی سیف سٹی پراجیکٹس پر کام شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کے لئے 313گھروں پر مشتمل نیا جی او آر بن رہا ہے۔ قربان لائنز میں پولیس کیلئے اپارٹمنٹس بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں 30 فیصد کمی آئی ہے اور 97فیصد شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ محسن نقوی نے رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔ وزیر علیٰ محسن نقوی نے ڈرائیونگ لائسنس کے لئے ٹیسٹ دینے والے شہریوں سے ملاقات کی اور آن لائن ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا۔ شہریوں سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے عمل اور وقت کے بارے میں پوچھا۔ شہریوں نے پولیس خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے سسٹم کو سراہا۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب لائسنس بنوانے میں تاخیر نہیں ہوتی اور نہ ہی انتظار کرنا پڑتا ہے۔ خدمت مرکز کا عملہ بھی رہنمائی اور بہت تعاون کرتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن