• news

سرتاج عزیز سپرد خاک، نماز جنازہ میں اہم شخصیات کی شرکت، رنجیدہ ہوں نواز شریف

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ نوائے وقت) سابق وفاقی وزیر خزانہ سرتاج عزیز کو اسلام آباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم سرتاج عزیز کی نماز جنازہ ایچ ایٹ قبرستان میں ادا کی گئی جس میں وسیم سجاد، راجہ محمد ظفرالحق، سردار مہتاب خان، محمد اعجازالحق، چوہدری تنویر خان، شاہد خاقان عباسی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، طارق فضل چوہدری، پاکستان میں کویت کے سفیر، نثار میمن، فرحت اللہ بابر، صدیق الفاروق، رائو تحسین علی خان، حافظ حفیظ الرحمن، چوہدری ریاض، ملک شکیل اعوان، عبداللہ یوسف، ریذیڈنٹ ایڈیٹر نوائے وقت راولپنڈی، اسلام آباد عزیز علوی سمیت بڑی تعداد میں سرکاری و ریٹائرڈ سینئر افسران، دینی، سیاسی، سفارتی اور سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد سرتاج عزیز کو ایچ ایٹ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی قبر پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد وسابق وزیراعظم محمد نواز شریف، صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال اور سیکرٹری خارجہ کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کیلئے رسم قل و دعا آج جمعرات کو دن 3 بجے  گلی نمبر 4، 15Bچک شہزاد فارم ہاؤس پر ادا ہو گی۔اجتماعی دعا ساڑھے 4بجے ہوگی۔  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ سرتاج عزیز کی وفات پر رنجیدہ ہوں، مرحوم تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور قوم کا اثاثہ تھے، روزِ اول سے مسلم لیگ کے ساتھ منسلک رہے، باوفا اور بااعتماد رکن تھے۔ زندگی کے بیشتر حصے اور قومی ذمہ داریوں میں ان کا ساتھ رہا۔ دکھ کی اِس گھڑی میں ان کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق سرتاج عزیز کے انتقال پر سردار محمد سبطین خان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے ملک و قوم کے لئے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن