• news

اڈیالہ جیل میں قیدی کا مبینہ زیادتی کے بعد قتل، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 6 افسر معطل

 راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)  سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں قیدی کے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کے معاملے پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 6 سینئر افسران کو معطل کردیا گیا۔ ابتدائی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں 6 افسران نائٹ آفیسر، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ، امدادی، نائٹ آفیسر، نائٹ پیٹرولنگ آفیسر اور وارڈ انچارج کو معطل کردیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ مقتول کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔ سپرنٹنڈنٹ جیل اسد وڑائچ کی شکایت پر چار قیدیوں کے خلاف پہلے ہی قتل کے الزام میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔ پولیس نے قیدی کے قتل کی تفتیش شروع کر دی اور جیل انتظامیہ بھی واقعے کی انکوائری کر رہی ہے۔ اڈیالہ جیل میں گزشتہ روز سیل 2 کی چکی میں قید ملزم کو مبینہ زیادتی کے بعد پھندا لگا کر قتل کردیا گیا تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن