• news

5 لاکھ سے زائد عملے کی تربیت ہو چکی، باقی کی یکم فروری تک مکمل ہو گی: الیکشن کمشن 

  اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمشن کے زیر اہتمام عام انتخابات 2024ء کے لئے انتخابی عملے کی ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے گئے تربیتی سلسلہ میں اب تک 5لاکھ 79 ہزار 191 افراد کی ضروری تربیت مکمل ہو چکی ہے جبکہ بقیہ 4 لاکھ 6 ہزار 222 افراد کی تربیت یکم فروری 2024ء تک مکمل ہو جائے گی۔ الیکشن کمشن نے عام انتخابات میں تعینات ہونے والے 9 لاکھ 85 ہزار 413 نفوس پر مشتمل انتخابی عملہ کی تربیت کا آغاز نومبر 2023ء کے آخری ہفتہ میں کیا۔ انتخابی عملہ میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور دیگر انتخابی عملہ شامل ہے۔ تربیتی پروگرام کے دوران غیر حاضر رہنے والے عملہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے لہذا عام انتخابات کے دوران انتخابی ذمہ داریاں تفویض کئے جانے والے تمام سرکاری ملازمین کو تربیتی نشستوں میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن کی خصوصی ہدایات پر مرکزی کنٹرول روم 26 دسمبر 2023ء سے مکمل فعال ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر موصولہ شکایات کا ازالہ کر رہا ہے۔ مرکزی کنٹرول روم میں اب تک 45 شکایات موصول ہوئیں اور ان تمام کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمشن سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی شکایت سیل میں آنے والی 165 شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں اور تمام شکایات کا ازالہ ہو چکا ہے۔ مرکزی کنٹرول روم کے ما تحت  180 کنٹرول روم صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی فعال کر دیئے گئے ہیں جو انتخابات کی نگرانی اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے مرکزی کنٹرول روم کی معاونت کر رہے ہیں۔ ملک بھر کے تمام اضلاع میں تعینات مانیٹرنگ ٹیمیں بھی متحرک ہو گئی ہیں جو امیدواران کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے تمام تشہیری مواد کو روزانہ کی بنیادوں پر ہٹانے میں مصروف ہیں۔ اب تک ضابطہ اخلاق کی دیگر خلاف ورزیوں پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز کی جانب سے نوٹسز بھی جاری کئے جا رہے ہیں جن پر انکوائری کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن