بھٹو کا یوم پیدائش آج، قوم کو آئین دیا زرداری، لیڈر نہیں نظریہ تھے: بلاول
لاہور (نامہ نگار) سابق وزیراعظم، پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کا آج 5 جنوری یوم ولادت ہے۔ سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد عوام نے عوام کو سوچنے کا شعور، جینے کا سلیقہ سکھایا۔ ٹوٹے ہوئے اور تباہ حال پاکستان کی دوبارہ تعمیر کرکے قوم کو آئین کا نور دیا۔ معاشی بدحالی ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ان کے منشور روٹی کپڑا اور مکان پر عمل ضروری ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو صرف ایک فرد یا کسی ایک جماعت کے لیڈر نہیں، بلکہ وہ ایک نظریہ، ایک تحریک اور ہماری عظیم قوم کے لیے رہنمائی کرنے والی قد آور شخصیت کے طور پر کھڑے ہیں۔ ملک کو متفقہ آئین دینا، ناقابل تسخیر قومی دفاع کے لیے جوہری پروگرام شروع کرنا، پاکستان کو مسلم دنیا میں صف اول تک پہنچانا یا چین کے ساتھ پائیدار دوستی کی مضبوط بنیاد رکھنا، قائد عوام کے اٹھائے گئے اقدام ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی قائدِ عوام کے نظریے کے مطابق پاکستان کو دنیا میں ایک خوشحال، مضبوط اور مساوات پر کھڑا ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔