ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیلی کمیونی کیشن اپیلٹ ٹربیونل قائم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) جمعرات کو ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں نگراں انفارمیشن ٹیکنالوجی آئی ٹی کے وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ٹیلی کمیونیکیشن اپیلٹ ٹربیونل قائم کیا گیا ہے جس کا گزٹ نوٹیفکیشن کر دیا گیا ہے۔ ٹربیونل کے قیام کے لیے ٹیلی کام ایکٹ میں ترامیم کی منظوری صدر مملکت نے دے دی ہے۔ ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق پارلیمنٹ کی عدم موجودگی میں صدارتی آرڈیننس کے تحت ٹیلی کام ٹریبونل کام کرے گا، ان کا کہنا تھا کہ ٹریبونل کا قیام ٹیلی کام سیکٹر کا دیرینہ مطالبہ تھا اس اقدام سے انڈسٹری کو بڑا ریلیف ملے گا اور التوا کا شکار متعدد کیسز فوری نمٹائے جا سکیں گے۔ نگراں وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ وزارت قانون آرڈیننس کے مطابق ٹریبونل کے چیئرپرسن و اراکین کی نامزدگی کرے گی۔ ٹربیونل کا چیئرپرسن صرف ہائیکورٹ کے جج یا 15 سال کے تجربہ کے حامل وکیل کو بنایا جا سکتا ہے۔