• news

دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت منائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں

سری نگر، مظفر آباد(کے پی آئی) آزاد کشمیر مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری5 جنوری کو یوم حق خودارادیت منائیں گے۔ اس موقع پر مظاہروں، ریلیوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سری نگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں اقوام متحدہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو 5 جنوری1949ء کو منظور کی گئی اپنی قرار داد کے مطابق حل کرائے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹر مختلف آزادی پسند تنظیموں نے ستونوں، دیواروں اور کھمبوں پر چسپاں کیے ہیں۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں و کشمیر کے سربراہ سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی بربریت و تشدد کا مزید ایک سال گزر گیا۔ بھارت نے حق خودارادیت دینے کے بجائے کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا۔ دوسری جانب بھارتی ریاست اترپردیش کی سنٹرل جیل میں قید سرکردہ کشمیری صحافی سجاد گل کی مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے ایک ماہ بعد بھی رہائی ممکن نہ ہو سکی، مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے گزشتہ سال19 نومبر کو کالے قانون پلک سیفٹی ایکٹ کے تحت سجاد گل کی نظربندی کو کالعدم قرار دیا تھا لیکن کئی ہفتے گزر جانے کے بعد بھی انہیں رہا نہیں کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن