غزہ پالیسی سے اختلاف، جوبائیڈن انتظامیہ کارکن، امریکی محکمہ تعلیم کا سینئر اہلکار مستعفی
واشنگٹن (این این آئی) صدر جوبائیڈن کی اسرائیلی غزہ پالیسی کی وجہ سے امریکی محکمہ تعلیم کے سینئر اہلکار طارق حباش مستعفی ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ تعلیم کے سینئر اہلکار طارق حباش نے استعفٰی دے دیا، انہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کے غزہ اسرائیل پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔ طارق حباش نے کہا کہ غزہ میں نشل کشی جاری ہے۔ وہاں ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بائیڈن انتظامیہ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ بائیڈن انتظامیہ کے 17 اہلکاروں نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے صدر بائیڈن کو خط لکھ دیا۔ اہلکاروں نے اپنے خط میں امریکی صدر جو بائیڈن پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ریاست میساچوسٹس میں قائم ہارورڈ یونیورسٹی کی خاتون صدر کلاڈین گے نے یہود مخالفت پر لگنے والے الزامات کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ کلاڈین گے نے کہا تھا کہ میں نے استعفے کا فیصلہ آسانی سے نہیں کیا ہے، یہ بہت مشکل فیصلہ تھا لیکن میرے استعفے کے بعد ہارورڈ کو کسی فرد کی بجائے صرف ادارے پر توجہ دینے کا موقع ملے گا۔