• news

پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی کا افتتاح، ہسپتالوں کو جدید آلات دینگے: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) 6 ہفتے کی ریکارڈ مدت میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی مکمل طور پر نئی ہوگئی اور 50 بیڈز کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے پی آئی سی کا دورہ کیا اور سٹیٹ آف دی آرٹ نئی ایمرجنسی کا افتتاح کیا۔ مریضوں کا ریکارڈ جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام ہاسپٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ہمیشہ کے لیے محفوظ کیا جائے گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے نئے بیڈز کا معیار چیک کیا اور خصوصی افراد کے لئے مخصوص واش رومز میں سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی۔  ہر بیڈ پر کارڈیک مانیٹرنگ سسٹم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ میڈیا سے گفتگو میں  کہا کہ پی آئی سی کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن سے نا صرف لاہور بلکہ پورے پنجاب کو فائدہ ہو گا۔ فخر سے بتانا چاہتا ہوں کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں کوئی بھی امپورٹڈ چیز استعمال نہیں کی۔ اپ گریڈیشن میں استعمال ہونے والا سارا سامان اور آلات میڈ ان پاکستان ہیں۔ فلور پر لگنے والی ٹائلز آدھی سے کم قیمت میں لگی ہے۔ اپ گریڈیشن پراجیکٹس میں بچت کی بہت زیادہ مثالیں ہیں۔ پی آئی سی میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیب بنا رہے ہیں۔ پی آئی سی لیب میں مارکیٹ پرائس سے آدھی قیمت پر بہترین ٹیسٹنگ سروس فراہم کی جائے گی۔ دل کے بائی پاس مریضوں کی ویٹنگ لسٹ کو کم کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ چاہتے ہیں ایک دن بھی مریضوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔ آج چلڈرن ہسپتال ملتان کا افتتاح کریں گے۔ ہسپتالوں کی پرانی تصویریں دیکھیں اور اپ گریڈیشن کے بعد دیکھیں، مکمل طور پر تبدیلی نظر آئے گی۔  اللہ تعالیٰ نے چاہا تو 31 جنوری تک 100 سے زائد ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرکے انتظامیہ کے سپر د کر دیں گے۔ انشاء اللہ روزانہ کسی نہ کسی پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔  پرچی سسٹم سے بہت دیر لگتی تھی۔ ہسپتال انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کو لانا اور عملدرآمد کرنا مشکل ٹاسک تھا،  ہسپتال اپ گریڈ کر دیا ہے۔ ڈاکٹرز اور نرسز سے التماس ہے کہ اس کی موجودہ حالت برقرار رکھیں۔ ہم کام کرکے جارہے ہیں، آنے والی حکومت اور ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتالوں کا خیال رکھنا ہے۔ الیکشن کمیشن سے نرسوں کی ڈیوٹیز کے حوالے سے بات کریں گے کہ ہم نرسز کی ڈیوٹی افورڈ نہیں کرسکتے۔  بھکر ہو یا لیہ یا لاہور ہسپتالوں کا معیار ایک جیسا ہوگا۔  آبادی زیادہ ہے اس لیے مریض بھی زیادہ ہیں اور ہسپتالوں پر لوڈ بھی زیادہ ہے۔ ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں جو ہر ایک کا علاج کرتے ہیں۔ بیڈز نہ ہونے پر بھی ڈاکٹر مریضوں کا علاج کرتے ہیں جس پر انہیں کریڈٹ دیتا ہوں۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے  محسن نقوی نے  ملاقات کی، جس میں صوبے کے حوالے سے بہت سے معاملات زیر بحث آئے۔ گورنر پنجاب نے محسن نقوی کو پنجاب کی سرکاری جامعات میں پچھلی حکومت کے تقریباً 4 سالہ دور حکومت کے دوران عدم توجہی کے باعث پیش آنے والے مالی، انتظامی معاملات میں زبوں حالی سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں،  پولیس سٹیشنز، فیسیلیٹیشن سینٹرز، چڑیا گھروں اور عوامی تفریحی مقامات میں بہتری سمیت صوبائی مالیاتی معاملات میں بہتری پر گفتگو کی گئی۔  محسن نقوی کی زیر صدارت ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹس سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کے اپ گریڈ ہونے والے ہسپتالوں کے لئے نئے جدید آلات، بیڈز اور دیگر ضروری فرنیچر خریدا جائے گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے جدید آلات، بیڈز اور فرنیچر کی خریداری کی منظوری دی۔ پنجاب کے اپ گریڈ ہونے والے ہسپتالوں میں جدید وہیل چیئرز مہیا کی جائیں گی۔ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزراء  بھی ان ایکشن۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ اظفر علی ناصر نے رات گئے شاہدرہ چوک کا دورہ کیا اور شاہدرہ چوک کے اطراف سڑکوں کی تعمیر اور بیوٹیفکیشن کے کاموں میں تاخیر پر حکام پر برس پڑے۔ صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے موقع پر ہی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام کو جھاڑ دیا اور کہا کہ باتیں نہیں کام کریں۔ 

ای پیپر-دی نیشن