دل کی تکلیف پر لندن بھاگنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا، بلاول
لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) بلاول نے رائے ونڈ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہاکہ ’’دل کی تکلیف ہوتی ہے تو یہ خود لندن بھاگ جاتے ہیں، اس وقت بھی کہا تھا اتنی دور جانے کی ضرورت نہیں، کراچی آجائیں ہم نے این آئی سی وی ڈی بنایا ہے‘‘۔ رائیونڈ کے لوگوں کو سمجھانا چاہتے ہیں اگر عوامی حکومت بنانی ہے تو یہ ن لیگ نہیں کر سکتی، عوامی حکومت صرف شہیدوں کی جماعت ہی کر سکتی ہے۔ ہم نفرت، گالی گلوچ اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، عوام سے پوچھیں کیا وہ بجلی کا بل دے سکتے ہیں، جواب نہیں میں ملے گا۔ ہمارا دس نکاتی ایجنڈا عوام دوست اور ہم ن لیگ اور پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وعدہ ہے پنجاب کے ہر ضلع میں مفت اور معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنائیں گے، کیا انہوں نے پنجاب میں علاج کی معیاری سہولتیں دیں؟۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے ملک میں ہمارے امیدوار جیتنے کیلئے کھڑے ہیں، پیپلزپارٹی تین سو یونٹ بجلی فری دے گی، ملک میں مفت معیاری تعلیم دینے کا وعدہ ہے، ہر شخص کو مفت اور معیاری صحت کی سہولیات دینا ہے۔ دل کی تکلیف پر لندن بھاگنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ پی پی پی جیتنے اور حکومت بنانے کے لئے انتخاب لڑ رہی ہے۔ پیپلزپارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ کارکن گھر گھر جا کر عوام کو سمجھائیں، غریبوں کو حق دلانا ہے تو دیگر جماعتوں سے چھٹکارا پانا ہے۔ 300 یونٹ تک بجلی مفت چاہئے تو تیر کے نشان پر مہر لگائیں۔ ہم عبدالغفور میؤ اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہم نے منشور پر الیکشن لڑنا ہے۔ قائد عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جو وعدے عوام سے کیے وہ پورے کیے ہیں۔ ہوائی باتوں پر یقین نہیں رکھتے۔ پنجاب کے ہر ضلع میں مفت اور معیاری علاج کی سہولت دیں گے۔ پی ٹی آئی حکومت نے پچاس لاکھ گھر بنوانے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ عوام کے ساتھ پہلا وعدہ ہے کہ آپ کی آمدن کو ڈبل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے۔علاوہ ازیں بلاول سے ملاقات کے بعد ضلع کونسل کے سابق چیئرمین مرحوم ملک امیر کھوکھر کے صاحبزادے ملک احسن امیر کھوکھر، ملک ضمیر کھوکھر اور ملک حبیب امیر کھوکھر ایڈووکیٹ پی پی پی میں شامل ہو گئے۔بلاول بھٹو مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد ان کے فارم پر جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اسلم گل، رانا جمیل منج، حافظ غلام محی الدین، امجد جٹ، سونیا خان، رانا جواد، عمران اٹھوال، کامران خلیل، رانا صفدر دلشاد اور ذوالفقار علی بدر، عائشہ نواز چودھری بھی موجود تھے۔ پیپلزپارٹی کا مقابلہ پی ٹی آئی اور ن لیگ سے نہیں غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔ اگر غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے تو پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں۔ تقریب سے خطاب میں چودھری عبدالعفور میؤ نے کہا کہ بلاول بھٹو کی شکل میں ہمارے گھر میں ذوالفقار علی بھٹو آئے ہیں۔ وزیراعظم کا لفظ بلاول بھٹو کے لئے بہت چھوٹا ہے۔ اللہ کی قسم بلاول بھٹو پاکستان کی آخری امید ہیں۔ پاکستانیو اگر یہ امید ٹوٹ گئی تو روز محشر جواب دینا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری کی این اے 127 کے صوبائی حلقے پی پی 162 گرین ٹاؤن آمد کے موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں نے ان کا استقبال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے گرین ٹاؤن الیکشن آفس میں کارکنان اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ میں نے ملک میں سب سے پہلے جس الیکشن آفس کا دورہ کیا دوسری جانب زرداری اور سے بلاول ہاؤس لاہور میں مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کی کا سلسلہ جاری ہے۔ سرگودھا کی سیاسی شخصیت مہر محمد یار خان لک پی پی میں شامل ہو گئے۔ خیبر پی کے کی جیالی سویرا پرکاش نے کی۔ جس میں بونیر کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ دریں اثناء این اے 127 میں یوسی 238 کیر کلاں کے پی ٹی آئی رہنما چوہدری ظفر پپو گوندل اپنی برادری سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ فیض خان نیازی، لقمان گوندل، شان گوندل، اظہر گوندل، اعظم گوندل، حاجی محمد حنیف، حاجی محمد ریاض، حاجی فتح خان، اصغر گوندل، اسلم گوندل، اکرم گوندل و دیگر بھی پی پی پی میں شامل ہو گئے ہیں۔