’’ٹی ایل پی سے حکومتی ہدایت پر مذکرات کئے‘‘ فیض حمید نے دھرنا کمشن کو جواب جمع کر ا دیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) انٹر سروسز انٹیلی جنس کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید نے فیض آباد دھرنا کیس میں انکوائری کمشن کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے انکوائری کمشن کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیض حمید نے کمشن کی طرف سے فراہم کردہ سوالوں کے جواب بھی دے دیئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کی جانب سے انکوائری کمیشن کو بتایا گیا کہ انہوں نے کہ 2017ء دھرنا میں حکومت کی ہدایت پر ٹی ایل پی سے مذاکرات کئے تھے۔ اور انہوں نے الزمات کی تردید کی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بنایا گیا دھرنا کمیشن ڈاکٹر اختر علی شاہ کی سربراہی میں کام کررہا ہے جبکہ کمیشن میں سابق آئی جی طاہر عالم اور خوشحال خان شامل ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد شہباز شریف 8 جنوری کو فیض آباد انکوئری کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔ میاں شہباز شریف کو پہلے ہی سوال نامہ بھیجا گیا ہے۔ کمیشن کی کارروائی کو صیغہ راز میں رکھا جا رہا ہے۔