خوشی ہوئی بلاول بھٹو زرداری کو آئی پی پی کا منشور پسندآیا: عامرمحمود کیانی
لاہور (نیوز رپورٹر)استحکام پاکستان پارٹی کے سیکرٹری جنرل عامرمحمود کیانی نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہوئی ہے کی بلاول بھٹو کو استحکام پاکستان پارٹی کا منشور پسند آیا اور انہوں نے بھی عوام کو 300 یونٹ تک بجلی مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہمیں علم ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کا دیا گیا منشور عوام کوبیحد پسند آیاہے اور اس سلسلہ میں دیگر سیاسی جماعتوں کی طرف سے آئی پی پی کے منشور کی تقلید مستحسن اورخوش آئند ہے کیونکہ عوام ہمارے منشور پر ہی ہمارے پلیٹ فارم پرجوق در جوق اکٹھے ہو رہے ہیں۔ عامرمحمود کیانی نے کہا کہ بلاول بھٹو کی طرف سے ہمارے منشور کے نکات کی حمایت کا اعادہ کرنے پران کے شکر گزار ہیں،اب دیگر جماعتوں کو بھی احساس ہو گیاہے کہ عوام کے مسائل حل اوران کا بوجھ کم کرنا ہو گا۔ امید ہے کہ بلاول بھٹو کی طرح دیگر سیاسی پارٹیاں بھی استحکام پاکستان پارٹی کی خوبیوں کا اعتراف کریں گی۔ ہماری پارٹی نے سب سے پہلے اپنے انتخابی منشور میں عام آدمی کے ریلیف اور مسائل کے حل کا روڈ میپ بھی دیا جس کا خیال اب دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی آ رہا ہے۔