• news

ملک میں سیاست این آر او، اقتدار خاندانوں کے گرد گھومتا ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی گھٹن اور دھند کا موسم، آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی سے ہی چھٹ سکتا ہے۔ قومی سیاست گزشتہ طویل عرصہ سے اہلیت اور ایمانداری پر نہیں، این آر او کی بنیاد پر چل رہی ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں اقتدار جمہور کے نہیں، خاندانوں کے گرد گھومتا ہے۔ پارٹیوں میں نظریات کی جگہ شخصیت پرستی نے لے رکھی ہے۔ سرکاری وسائل کو ذاتی جاگیر سمجھ کر استعمال کیا گیا، قرضے لے کر ہڑپ کیے گئے۔ نتائج مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت میں عوام بھگت رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے پاس ووٹ دینے کے لیے جماعت اسلامی سب سے بہترین آپشن ہے۔ ہم نے انقلابی منشور دیا ہے جس میں ملک کی ترقی، وی آئی پی کلچر اور کرپشن کے خاتمہ کا جو وعدہ کیا گیا ہے اور بہتری کا جو روڈ میپ دیا گیا ہے، اللہ کی مدد و نصرت اور عوامی تائید سے اقتدار میں آکر اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ ٹیکسز کا بوسیدہ نظام ختم کریں گے، سودی نظام پر پابندی لگا کر معیشت کو اسلامی خطوط پر استوار کیا جائے گا، وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن