عالمی برادری مقبوضہ کشمیر، فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کا حساب لے: شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 75 سال گزرنے کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری 5 جنوری 1949ء کی عالمی قرارداد پر عملدرآمد کرائے۔ 75 سال قبل آج کے دن جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ 5 اگست 2019ء کو اس عالمی قرارداد کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔ یہ دن بھارت کو یاد دلاتا ہے کہ وہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کئے ہوئے ہے۔ عالمی برادری فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کا حساب لے۔ غاصبانہ قبضے کا شکار عوام کا تحفظ اور ان سے اپنے کئے وعدے پورے کرے۔ جنگی جرائم میں ملوث ریاستوں کے خلاف دوہرا معیار دنیا میں تباہی پھیلا رہا ہے۔ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کی عظیم قربانیوں، بے مثال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے جدوجہد آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش، درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔