• news

کشمیریوں نے یوم حق خوداریت منایا: اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے: صدر، وزیراعظم

 نئی دہلی؍ سری نگر؍ اسلام آباد (کے پی آئی+ خبر نگار خصوصی)  بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو ضلع شوپیاں میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ ضلع بڈگام کے علاقے بیرواہ میں کم سے کم 7کشمیری نوجوانوں کو گرفتار اور ایک عمارت کو مسمار کر دیا ہے۔ پولیس نے گرفتار کئے گئے کشمیریوں کو مجاہد تنظیموں کے کارکن قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مسمار کی گئی عمارت کو یہ نوجوان بھارت مخالف پراپیگنڈا کرنے کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ جبکہ نئی دہلی میں پولیس نے  ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی پولیس نے کشمیری نوجوان جاوید احمد متو کو نئی دلی میں اس کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔ دوسری جانب  آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام نے  جمعہ کو یوم حق خود ارادیت منایا۔ اس موقع پر مظاہروں، ریلیوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں سمیت مختلف مختلف پروگرامات کے  ذریعے حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی۔ یوم حق خود ارادیت منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی۔ ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، اطلاعات و نشریات کے نگران وزیر مرتضی سولنگی نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پرکشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے، کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک ان کے لئے ہماری بھرپور اور مسلسل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔  نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ آج دنیا بھر کے کشمیری اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان ( یو این سی آئی پی کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ جس کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کا فیصلہ جمہوری طریقے سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کیا جائے گا۔ آج کا دن کشمیریوں کے اس ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا اعادہ ہے جو بین الاقوامی قانون کے عین مطابق ہے اور بین الاقوامی انسانی حقوق نے بھی اس کی تائید کی ہے۔ یہ افسوسناک امر ہے کہ ساڑھے سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام اس بنیادی حق کا استعمال نہیں کر سکے۔ مرتضی سولنگی نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل اور حق خودارادیت کے حصول کی ان کی جدوجہد کی حمایت کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے منتظر ہیں۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں پر غیر ملکی قبضے اور وحشیانہ جبر کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے کیونکہ حق خودارادیت ان کا بنیادی حق ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے اس حق کو دبانا تنازعات و انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا باعث بنتا ہے جیسا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطین میں ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ عالمی برادری کی براہ ر است اور بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر اور اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے لوگوں پر غیر ملکی قبضے اور وحشیانہ جبر کو ختم کرائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن