• news

اسلام آباد میں سنی علماء کونسل کے رہنما مسعود الرحمن عثمانی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے ) سنی علماء کونسل پاکستان کے علامہ مسعود الرحمان عثمانی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان سنی علما کونسل نے تصدیق کی ہے کہ غوری ٹاؤن میں مسلح افراد نے علامہ مسعود الرحمان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ واقعہ میں علامہ مسعودالرحمان عثمانی جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ترجمان پولیس نے تصدیق کی کہ جاں بحق شخص کی شناخت مولانا مسعود الرحمان عثمانی کے نام سے ہوئی ہے اور لاش پمز ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ملزموں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزموں کو ٹریس کیا جارہا ہے، فائرنگ سے ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ترجمان نے بتایا کہ تھانہ کھنہ کے علاقے غوری ٹاون میں گاڑی پر فائرنگ ہوئی جبکہ سنی علماء کونسل کے کارکنان پمز ہسپتال کے باہر جمع ہوگئے اور نعرے بازی کی، جس کے بعد پولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن