• news

پنجاب میں اشرافیہ کی نمائندہ ن لیگ، پی ٹی آئی کو مسلط کیاگیا، بلاول

لاہور (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ے کہ پاکستان میں کوئی بھی تنخواہ میں گزارا نہیں کر سکتا، اقتدار میں آکر تنخواہیں ڈبل کر دیں گے۔ لاہور کے حلقہ این اے 127 میں خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ لاہور میں منائی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے آپ کی نمائندگی کی، ایک ہی سیاسی جماعت ہے جو عوام کی نمائندگی کررہی ہے، میرے سفیر بن کر گھر گھر پہنچیں اور میرے 10 وعدوں کے بارے میں بتائیں، ہم عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی وجہ سے عوام کو مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لے کر آئی۔ ہم مزدوروں کو بھی بینظیر کارڈ فراہم کریں گے، ہم کسانوں کو کسان کارڈ اور نوجوانوں کو بھی نوجوان کارڈ دلوائیں گے۔ اس وقت غربت، مہنگائی بیروزگاری عروج پر ہیں۔ میں نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا۔ میں گالی گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، میں اس پرانی، تقسیم، نفرت کی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں، میں آپ کی بھرپور مدد کرنا چاہتا ہوں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بزرگوں کا علاج کرنا بہت مشکل کام ہو گیا ہے، روزگار کا بندوبست کرنا بھی بہت مشکل ہو گیا ہے، میں مفت علاج کے لیے ہسپتال بنانا چاہتا ہوں، میں مفت تعلیم کے ادارے بنانا چاہتا ہوں، ہمارے بہت سارے پروگرام ہیں، انشاء اللہ جیت آپ کی ہو گی، جیت تیر کی ہوگی، جیت پیپلزپارٹی کی ہو گی۔ صرف پیپلز پارٹی تین نسلوں سے عوام کی نمائندگی کرتی آ رہی ہے۔ پنجاب میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کو مسلط کیا گیا۔ اگر غریبوں مظلوموں اور کسانوں کا پاکستان بنانا ہے تو پیپلز پارٹی کو لانا ہو گا۔ پی پی 161 سے امیدوار خدیجہ حسن کی طرف سے خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب  کے موقع پر  چودھری اسلم گل، ثمینہ خالد گھرکی، ذوالفقار علی بدر، احسن رضوی، عائشہ نواز چودھری بھی موجود تھے۔ تقریب کے شروع میں  بھٹو کے 96ویں یوم ولادت کا کیک بھی کاٹا گیا۔ بلاول نے کہا پاکستان کی خواتین لاہور، پنجاب کی خواتین سے مخاطب ہونا چاہتا ہوں، خواتین ملک کی آبادی کا پچاس فیصد ہیں اور وہ ملک کے معاشی بحران کے بارے میں زیادہ جانتی ہیں۔ بعد ازاں  بلاول این اے 127 فیصل ٹاؤن میں سماجی رہنما اور رکن امن کمیٹی سید علی مہدی شاہ کی رہائش گاہ پہنچے اور وہاں لاہور کی مختلف امام بارگاہوں کے متولیان اور شیعہ برادری کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ علاقے کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بات چیت کی۔

ای پیپر-دی نیشن