معیشت ، مواقع کی نشاندہی ترجیح ہونی چاہئے، سرمایہ کاری کیلئے روڈ شوز کئے جائیں: وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو بھرپور طریقے سے اجاگرکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی معاشی فلاح و بہبود کے لیے مواقع کی نشاندہی کرنا پاکستان کے تمام سفارتی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ نگران وزیراعظم نے منیر اکرم کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کی مؤثر نمائندگی پر سراہا۔ نگران وزیراعظم نے کہاکہ عالمی سطح پر ملک کی معاشی فلاح و بہبود کے لیے مواقع کی نشاندہی کرنا پاکستان کے تمام سفارتی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ منیر اکرم نے وزیراعظم کو اپنے مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور وزیر اعظم سے خارجہ پالیسی کے ضمن میں ہدایات لیں۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے ہدایت کی ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے اور سمندر پار پاکستانیوں کوسرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے۔یہ ہدایت انہوں نے امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے گفتگو کرتے ہوئے دی جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسعود خان اور ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کو اپنے مشنز کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور وزیراعظم سے خارجہ پالیسی کے ضمن میں ہدایات لیں۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیر مواصلات، بحری امور و ریلویز شاہد اشرف تاررڑ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں متعلقہ وزارتوں کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔