• news

عوام اور بھٹو کی خدمت آخری سانس تک جاری رکھیں گے: آصف زرداری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 96ویں یوم پیدائش کے موقع پر ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام متعارف کروایا تاکہ پاکستان کی غریب خواتین کی مدد ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ 2008-13ء کی حکومت کے دوران انہوں نے گندم اور کپاس کی سپورٹ پرائس میں اضافہ کیا تاکہ غریب ہاری بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام انتہائی مضبوط ہیں اور یہی بات ملک کا حقیقی استحکام ہے۔ یہ ہماری زمین ہے اور ہم اسے خوشحال بنائیں گے۔ زرداری نے کہا کہ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجا جس کی سماعت اب ہو رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو معصوم ثابت ہوں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ ملتان، جنوبی پنجاب اور تمام صوبوں کو خوشحال بنائیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ عوام اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمت اپنی آخری سانسوں تک جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن