حکمران حضرت سید نا صدیق اکبرؓ کفایت شعاری کے انداز کو اختیار کریں:علماء
لاہور(خصوصی نامہ نگار) صوبائی دارلحکومت کی مساجد میں علماء نے مختلف مساجد اجتماعات میں خلیفہ اول حضرت سید نا صدیق اکبرؓ کے فضائل ومناقب،سیرت وکردار اور اسلام کیلئے بے مثال خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ حکمران طبقہ جب تک سیدنا صدیق اکبرؓ اور دیگر خلفاء کے انداز حکمرانی کو اختیار نہیں کر لیتے اس وقت تک ملک کے معاشی سیاسی اور سماجی مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ ارباب اقتدار آپؓ کفایت شعاری کے انداز کو اختیار کریں۔ علماء نے کہا کہ حضرت سیدنا صدیق اکبر نے جس احسن انداز سے اسلام کو سہارا دیا اور پھیلایا وہ انہی کا خاصہ تھا۔حضرت سیدنا صدیق اکبر کا دور خلافت تاریخ اسلام کا سنہری دور ہے۔ آپ کے کارنامے تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے۔علماء نے کہاکہ پا کستان میں اب تک جتنے نظام آزمائے گئے تو اتنے ہی بحران بڑھے ہیں۔ خلفائے راشدین کے دور کے نظام کے نفاذ سے ہی ملک بحرانوں سے آزاد ہو گا۔ عوام علماء کو آئندہ الیکشن میں منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجیں تاکہ ملک میں نظام مصطفی ؐ عملی طور پر نافذ ہو سکے۔ مختلف مساجدمیں مولانا محمد امجد خان،مولانا سید محمود میاں، مولانا محب النبی،مولانا نعیم الدین،حافظ نصیر احمد احرار،حافظ غضنفر عزیزو دیگرنے خطاب کیا۔