سڈنی ٹیسٹ: بیٹرز نے باؤلرز کی محنت پر پانی پھیر دیا، 68 پر 7 آؤٹ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز دوسری اننگز میں بھی پاکستانی اوپنرز کار کر دگی نہ دکھا سکے ، قومی ٹیم وائٹ واش کے قریب پہنچ گئی، گرین شرٹس نے دوسری اننگز میں 68 رنز پر 7 وکٹیں گنوا لیں،پاکستان نے تقریباً گزشتہ تین دہائی سے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا اور 1999 ء سے اب تک آسٹریلین سرزمین پر کھیلی جانے والی تمام سیریز میں پاکستان کو میزبان کے ہاتھوں کلین سویپ شکستوں کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کوئی میچ ڈرا تک کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز کا آغاز پاکستان کی بیٹنگ کے ساتھ ہوا۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں صرف ایک رن پر دو وکٹیں گنوائیں ‘ عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود دونوں بغیر کوئی رن بنائے واپس چلے گئے‘ بابر اعظم 23 اور صائم ایوب 33نے 57 رنز کی پارٹنرشپ جاری رکھی، لیکن پاکستان نے صرف 9 رنز پر 5 وکٹیں گنوا کر سکور 67-7 تک پہنچایا۔بابر اعظم کے آئوٹ ہونے کے بعد جوش ہیزل ووڈ نے اختتامی اوور میں سعود شکیل2، ساجد خان0 اور آغا سلمان 0 کی وکٹیں لے کر پاکستان کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ہیزل ووڈ نے مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل لیں، اس دوران نیتھن لیون، مچل سٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 299 رنز پر آؤٹ کر کے 14 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ عامر جمال نے 6 وکٹیں حاصل کیں، وہ پاکستان کی ٹیسٹ تاریخ کے پہلے بائولر ہیں جنہوں نے ڈیبیو سیریز (3 میچز یا اس سے کم) میں 18 وکٹیں لیں، اس وقت قومی ٹیم کو 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔ سلمان علی آغا نے دو جبکہ میر حمزہ اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔