حضرت ابوبکر صدیقؓ کا دور آئیڈیل حکمرانی کا نمونہ تھا: عبدالخبیر آزاد
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 22جمادی الثانی امیر المومنین حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کا یوم وفات پوری دنیا میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ امیرالمومنین حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی حیات طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، آپؓ کا دور خلافت ایک آئیڈیل حکمرانی کا نمونہ تھا آج جس کو لیکر ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ آپؓ کے ہی دور خلافت میں بہت سے فتنوں کو ختم کیا گیا۔ آپؓ نے جھوٹے مدعی نبوت مسیلمہ کذاب کو واصل جہنم کیا۔ بعد میں تشریف لانے والے خلفائے راشدین نے آپؓ کے طرز حکمرانی کو اپنایا۔ ہمیں چاہیے کہ خلیفہ اول امیرالمومنین حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی سیرت طیبہ کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں۔ آپؓ کی سیرت طیبہ کا سب سے غالب پہلو حضور نبی کریمؐ سے عشق و محبت تھا۔ سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کے تحفظ و دفاع کیلئے پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اقوم متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین و دیگر اسلامی ممالک فلسطین و غزہ میں اسرائیلی قتل عام، اسرائیلی دہشت گردی، ظلم و بربریت رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔