• news

بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے،مشعال ملک

اسلام آباد(خبرنگار)وزیراعظم کی معاون خصوصی انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے نئی نسل میں جدوجہد کشمیر کا جذبہ پیدا کرنے میں تعلیمی اداروں کے کلیدی کردار پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کی جامعات کے 127 وائس چانسلرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا اہتمام چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کیایہ اجلاس کشمیر کے حق خودارادیت کے دن کے موقع پر منعقد گیا تھا جس کی وجہ سے اس اجلاس کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہوگئی۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کیا ہے انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستانی حکومت نے آر ایس ایس کو خطے میں اپنے نظریات پر عملدرآمد کے لئے لا محدود مینڈیٹ دیا ہے جس کے نتیجے میں آر ایس ایس کے نظریات پورے ہندوستانی معاشرے میں بڑے پیمانے پر پھیل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور آر ایس ایس کے درمیان تعاون نے ہندوستان کی اقلیتوں اور خطے کے مجموعی امن و استحکام کے لئے خطرہ پیدا کیا ہے انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ آر ایس ایس کے دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے جو مختلف براعظموں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی خوشحالی اور علاقائی استحکام کا حصول مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر منحصر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن