• news

شدید دھند کے باعث مزید 25 پروازیں منسوخ ، متعددی شیڈول ، لوڈشیڈنگ بھی جاری ، عوام پریشان

لاہور +قصور(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) پنجاب میں شدید دھند کے باعث گزشتہ روز بھی 25 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ پشاور کی تمام پروازیں ری شیڈول ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق شدید موسمی خرابی کی وجہ سے 4 دن میں 150 پروازیں منسوخ جبکہ 300 متاثر ہو چکیں۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق پشاور اور سیالکوٹ کے فضائی مسافروں کو بسوں سے منزلوں پر پہنچایا جا رہا ہے۔ پشاور اور اسلام آباد کی 3 پروازوں کو متبادل ایئر پورٹس پر اتارا گیا۔ ابو ظہبی سے پشاور کی پرواز پی کے 118 کراچی، جدہ سے پشاور کی پرواز ای آر 852 اسلام آباد اتاری گئی۔ مسقط سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 292 کو لاہور میں لینڈ کرایا گیا۔ دبئی سے پشاور کی پرواز ای کے 636 اور 637 کی آمد اور روانگی میں تاخیر کر دی گئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پشاور سے دبئی کی پرواز پی کے 283، 284، دوہا سے پشاور کی پرواز پی کے 286 منسوخ کر دی گئیں۔ ایئر عربیہ کی شارجہ سے پشاور کے لیے پروازیں جی9556، جی 9557 منسوخ کر دی گئیں۔ اسلام آباد سے گلگت کی پرواز پی کے 601، 602، شارجہ کی پرواز ای آر 704، دبئی کی پرواز ای آر 702 منسوخ ہو گئیں۔ اسلام آباد سے دوحہ کی پرواز پی کے 287، دبئی کی پرواز پی اے 210، پی کے 211 منسوخ کر دی گئیں۔ کراچی سے لاہور کی پرواز ای آر 522، 523، 524، 525 منسوخ کر دی گئیں۔ کراچی سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 310، 311 بھی آج کے منسوخ شیڈول میں شامل ہیں۔ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی اے 200، 201، ای آر 502، 503، 505 منسوخ ہوئی ہیں۔ نینگ چین سے کراچی کی پرواز وائی جی 9143 اور 9144 منسوخ کر دی گئیں۔ دھند اور شدید سردی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ سوہدرہ سے نامہ نگار کے مطابق سوہدرہ اور گرد و نواح میں بجلی کی ہر دو گھنٹے کے بعد بندش نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے جس سے عوام کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ سمندری سے نامہ نگار کے مطابق گھنٹوں بجلی کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔قصور شہر اور گردونواح میں سوئی گیس کی بندش اور بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ شہریوں عمر انصاری، ابو سفیان جٹ، حمزہ، رمضان ودیگر نے نگران حکومت سے اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن