• news

 پاکستان کو 8 وکٹوںسے شکست، آسٹریلیاکا ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش

  لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو وائٹ واش کردیا،قومی ٹیم کو آسٹریلیا میں لگاتار 17ویں ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی ہے، پاکستان نے تقریباً گزشتہ 3 دہائیوں سے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا اور 1999 ء سے اب تک آسٹریلین سرزمین پر کھیلی جانے والی تمام سیریز میں پاکستان کو میزبان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم 115 رنز بناکر آئوٹ ہوئی اور آسٹریلیا کو 130 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں پر ہی پورا کرلیا۔پہلی وکٹ صفر پر گری، اوپنر عثمان خواجہ ساجد خان کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ 119 رنز پر گری، ڈیوڈ وارنر 57 رنز بنا کر ساجد خان کا شکار بنے۔سٹیو سمتھ 4 رنز اور مارنس لابوشین 62 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔عامر جمال پلیئر آف دی میچ جبکہ پیٹ کمنز پلیئر آف دی سیریز رہے۔چوتھے دن قومی ٹیم دوسری اننگز میں 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ محمد رضوان 28، عامر جمال 18 اور حسن علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق، شان مسعود، ساجد اور سلمان صفر پر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب 33 اور بابراعظم صرف 23 رن بنا سکے۔جوش ہیزل ووڈ نے 4 اور نیتھن لیون نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں قومی ٹیم کے 68 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 299 رنز پر آؤٹ کر کے 82رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ عامر جمال نے 6 وکٹیں حاصل کیں، وہ پاکستان کی ٹیسٹ تاریخ کے پہلے بائولر ہیں جنہوں نے ڈیبیو سیریز (3 میچز یا اس سے کم) میں 18 وکٹیں لیں۔پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن