بلے پر سپریم کورٹ کا جو فیصلہ ہوا منظور کریں گے: بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے مشاورت کے حوالے سے تیسری ملاقات ہوئی اور ٹکٹوں کا سلسلہ پیر کو مکمل ہو جائے گا اور اسی روز شام کو اعلان کر دیا جائے گا۔ انتخابی اتحاد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک جماعت سے بات چیت چل رہی تھی لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی، فی الحال کسی جماعت سے اتحاد نہیں، اگر ایک ادھ سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ ہوئی تووہ ہمارے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے۔ بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ بلے پر سپریم کورٹ کا جو فیصلہ ہوا منظور ہوگا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ بانی چیئرمین اس وقت جیل میں ہیں انھوں نے جا کر مضمون شائع نہیں کروایا، پی ٹی آئی کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، اس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے۔