• news

بلے کا انتخابی نشان: پی ٹی آئی کی جلد سماعت کیلئے درخواست سپریم کورٹ میں دائر  

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابی نشان بلے کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر پیرکو سماعت کی جائے۔ ایک اہم معاملہ ہونے کی وجہ سے سماعت جلد ہونی چاہیے۔ خیال رہے کہ 4 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بلے کے انتخابی نشان کے حصول کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس پی ٹی آئی کے خلاف امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمشن نے بلے کا انتخابی نشان واپس لیتے وقت شواہد کو مدنظر نہیں رکھا جب کہ پشاور ہائی کورٹ کے جج نے قانون کی غلط تشریح کی جس کے باعث ناانصافی ہوئی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اپنی درخواست میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر بلے کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن