غزہ: گھر پر حملہ، 18 فلسطینی شہید: او آئی سی، مسلم ممالک کے بیانات کا کوئی فائدہ نہیں: حماس رہنما
غزہ (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل کی غزہ پر جارحیت جاری ہے جہاں ایک گھر پر تازہ حملے میں 18 فلسطینی شہید ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ایک گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 18 فلسطینی شہید ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے علاقوں میں بھی چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس کے علاوہ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کے ایک اور حملے میں فلسطینی شہری کی اہلیہ اور 2بچے شہید ہو گئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں فائرنگ کی جس میں 2 فلسطینی زخمی ہوگئے جب کہ فورسز نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے پر متعدد کارروائیاں کی ہیں جن میں 3800 فلسطینی زخمی ہوئے اور 325 شہید ہو چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 22600 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 9600 بچے بھی شامل ہیں۔ حماس کے ترجمان خالد قدومی نے کہا ہم مسلم ممالک سے اسرائیل کیخلاف میدان جنگ میں فوجیں اتارنے کا مطالبہ نہیں کرتے لیکن چاہتے ہیں جنگ خاتمہ کیلئے اپنے مؤقف پر عملددرآمد کرائیں۔ مسلم ممالک او آئی سی کے مخفی بیانات کا کوئی فائدہ نہیں۔