• news

تنقید پر دھیان دیتا تو کوئی کام نہ کر سکتا، صرف صبح آ کر چائے پیتا، گھر چلا جاتا: محسن نقوی

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب میں اراضی کی منتقلی کے لئے ای رجسٹریشن کا ماڈل نظام متعارف کرا دیا گیا۔  محسن نقوی نے ایل ڈی اے پلازہ کشمیر روڈ پر پنجاب کے پہلے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا افتتاح کیا۔ ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر میں شہریوں کی سہولت کے لئے راوی ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن اور داتا گنج بخش ٹاؤن کے سب رجسٹرارز کے دفاتر منتقل کئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے رائیونڈ اور شالیمار میں دو مزید ای رجسٹریشن سنٹرز 31جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔ فیس کی آن لائن ادائیگی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ای رجسٹریشن سنٹر میں بنک آف پنجاب کی برانچ کا بھی دورہ کیا۔ سنٹر میں قائم راوی ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن اور داتا گنج بخش ٹاؤن کے سب رجسٹرارز کے دفاتر کا معائنہ کیا۔ اراضی منتقلی کے لئے آئے شہریوں سے گفتگو کی اور ای رجسٹریشن نظام کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر میں موجود گڑھی شاہو کے رہائشی سے سوال کیا کہ آپ سے رجسٹری کے پیسے تو نہیں لیے گئے، شہری نے ای رجسٹریشن سسٹم کو سراہتے ہوئے جواب دیا کہ پیسے نہیں لیے گئے اور رجسٹری کا سسٹم بھی اب آسان ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تینوں ٹاؤن کی اراضی کی منتقلی کا عمل ایک ہی چھت تلے ای رجسٹریشن سنٹر پر ہو گا۔ میں چند روز میں رائیونڈ اور شالیمار جا کر سنٹرز پرکام کا جائزہ لوں گا۔ ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر پر کم سے کم وقت میں ای رجسٹری کے تمام مراحل کو مکمل ہونگے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ای رجسٹریشن نظام کے اجراء پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، انتظامیہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔  سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ای رجسٹریشن نظام کے تحت اراضی کی منتقلی کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں پہلے ای رجسٹریشن سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب مینول طریقے سے رجسٹری نہیں ہوگی۔ ای رجسٹریشن سنٹرکا افتتاح کر دیا ہے جبکہ دومزید ای رجسٹریشن سنٹر شالیمار ٹاؤن اور رائیونڈ میں بنائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ 31جنوری تک دونوں ای رجسٹریشن سنٹرز کو مکمل کریں۔ ای رجسٹریشن سنٹر میں بنک آف پنجاب کی سہولت مہیا کی گئی۔ جلد نادرا کی بھی سہولت فراہم کر دیں گے۔ سب نے محنت کی ہے، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو کریڈٹ جاتا ہے محسن نقوی نے کہا کہ مجھے پروٹوکول سے فرق پڑتا نہ تنقید سے، تنقید بہت سی باتوں پر ہوتی ہے۔ تنقید کا مجھے کوئی ایشو نہیں، اگر تنقید پر دھیان دیتا تو میں کوئی کام نہ کر سکتا اور میں صرف صبح آکر چائے پیتا اور گھر چلا جاتا، وزیر اعلی نے کہا کہ فی الحال سکولوں میں چھٹیاں بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں  محسن نقوی رات گئے شدید سردی میں ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینے جنرل ہسپتال پہنچے۔ محسن نقوی چاروں فلور پر گئے اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ ایمرجنسی بلاک کے 2 فلور 20 جنوری سے قبل مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ31 جنوری تک دیگر 2 فلور بھی مکمل ہو جائیں گے۔ محسن نقوی نے رات گئے کام میں مصروف مزدوروں سے مصافحہ کیا اور کام کے اوقات کار کے بارے میں دریافت کیا۔ دریں اثناء محسن نقوی نے حافظ آباد میں چھت گرنے سے چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس، زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن