• news

اقوام متحدہ، او آئی سی سے قرارداد پاس کرا دیں، الیکشن وقت پر ہی ہونگے: بلاول

لاہور  (نامہ نگار)  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پہلے اقوام متحدہ، سینٹ یا اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے قرارداد پاس کروا دیں لیکن الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  الیکشن کمشن نے 8 فروری کا الیکشن شیڈول جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ہے پتھر پر لکیر ہے کہ 8 فروری کو انتخابات ہوں گے۔ ہم سب قاضی صاحب کے فیصلے پر اعتماد کرتے ہیں۔ قدم بڑھائیں قاضی صاحب ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ لاہور میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ 30 سال سے لاہور پر حکومت کرنے والے صرف دعویٰ کرتے رہے، جتنا کام کرنے کی لاہور میں ضرورت ہے اتنی باقی پاکستان میں نہیں ہے۔ ایسے ظاہر کیا جاتا ہے کہ لاہور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی ہیں۔ کہاں ہیں دودھ اور شہد کی نہریں، سونے کی سڑکیں؟ ہم اس الیکشن میں سلیکشن کا مقابلہ کریں گے۔ شہباز شریف لاہور میں ہمارے این ایف سی ایوارڈ کی وجہ سے اتنا کام کر سکے، پچھلی تین صوبائی حکومتوں نے پنجاب کے عوام کو حقوق نہیں دیئے۔ بلاول بھٹو زرداری  این اے 127 کوٹ لکھپت میں بہار کالونی کے گریس اسمبلیز چرچ پہنچے، بہار کالونی کی گلیوں میں فقیدالمثال استقبال کیا اور مکینوں نے گل پاشی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے گریس اسمبلیز چرچ کے بانی اور چیئرمین بشپ نعیم پرشاد سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری کی کامیابی کے لئے  چرچ میں خصوصی دعائیں کرائی گئیں۔ بلاول بھٹو چرچ میں کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔ بلاول بھٹو  این اے 127 ماڈرن کالونی کوٹ لکھپت میں اٹرنل لائف چرچ کے پاسٹر انور فضل کی رہائش گاہ پر بھی گئے جہاں پاسٹر انور فضل نے مسیحی برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع چودھری منظور، ذوالفقار علی بدر، قاسم گیلانی، فیصل میر، اسلم گل، امجد حسین، عمران اٹھوال، نسیم سہوترا، ایڈون سہوترا، پاسٹر ولیمسن بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو کو بائیبل کا تحفہ بھی دیا گیا۔ بلاول نے کہا مسلم لیگ ن  نواز شریف کو بچانے لیے لڑ رہی ہے اور پی ٹی آئی بھی اپنے بانی چئیرمین کو جیل سے بچانے کے لیے کر رہی جبکہ پیپلز پارٹی الیکشن عوام کے لیے لڑ رہی ہے۔  فیصل میر نے  کہا کہ مسیحی برادری کے دکھ درد میں شریک ہوتا رھا ہوں، الیکشن میں گلی گلی قریہ قریہ جا کر شریف خاندان کو لندن واپس بھیجیں گے۔ بشپ نعیم پرشاد نے کہا کہ ہم بھرپور طور پر ہر حلقے میں پیپلز پارٹی کو کامیاب کرائیں گے۔ ادھر بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں مشائخ اتحاد کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پیر آف بھلوال شریف اور مشائخ اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری پیر ڈاکٹر احسان دانش، دربار عالیہ گلشن علی پاک فیصل آباد کے سجادہ نشین اور مشائخ اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی ترجمان پیر سید حیدر علی حسنی، آستانہ عالیہ غوثیہ قادریہ جنڈی شریف کے سجادہ نشین اور مشائخ اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی کوآرڈینیٹر پیر محمود احمد عباسی، مشائخ اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی کوآرڈینیٹر پیر سید منیر گیلانی، آستانہ عالیہ کئیاں شریف مظفرآباد کے سجادہ نشین اور مشائخ اتحاد کونسل کے آزاد کشمیر کے صدر پیر میاں ضیاء  المصطفی نقشبندی، آستانہ عالیہ مانگہٹ شریف کے سجادہ نشین پیر عمار سعید، پیر ضیاء المصطفی حقانی، پیر سید مظہر حسین جعفری، حافظ محمد اویس قادری اور سہیل قریشی شامل تھے۔ بلاول بھٹو زرداری اور اہلسنت برادری کے مشائخ کی نمائندہ تنظیم کے اراکین کے درمیان ملک میں صوفی ازم کے فروغ پر بات چیت کی گئی جبکہ مشائخ اتحاد کونسل کے وفد نے بلاول بھٹو زرداری کو درگاہوں میں زائرین کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حل کی یقین دہانی کرائی۔ بلاول  سے  پی ٹی آئی کے سابق یوتھ ونگ پنجاب کے صدر راؤ خالد احمد خان، میو برادری سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما خلیل احمد اور محمد شاہد نے ملاقات کی اور  پی پی پی میں شامل ہو گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن