واپڈا ریٹائرڈ ملازم کے معذور بچے کو ویلفیئر گرانٹ بند ہونے کی تاریخ سے ادا کرے: صدر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے واپڈا کو خصوصی شخص کی ویلفیئر گرانٹ بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا ریٹائرڈ ملازم کے معذوری کے حامل بچے کویلفیئر گرانٹ بند ہونے کی تاریخ سے فوری طور پر ادائیگی کرے۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ واپڈا اہلکاروں نے غیر منصفانہ طور پر حامل ِمعذوری فرد کی ماہانہ گرانٹ بند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذوری کے حامل شخص کی گرانٹ روکنے کا فیصلہ کس نے اور کیوں کیا؟ تحقیقات ہونی چاہیے، قانونی طور پر جاری کردہ تاحیات گرانٹ بند کرنے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے۔ صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف سید نور علی زیدی (شکایت کنندہ) کی اپیل منظور کرتے ہوئے کہا کہ ملوث اہلکاروں نے ریٹائرڈ ملازم کے خاندان ہی نہیں بلکہ واپڈا کیلئے بھی شرمناک صورتحال پیدا کی ہے۔