• news

سندھ میں پیپلز پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں سیاسی گھرانوں کی فوقیت 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں الیکشن 2024ء کے لیے  پارٹی ٹکٹ کی تقسیم میں ایک بار  پھر سیاسی گھرانوں کو اہمیت حاصل رہی۔ ضلع گھوٹکی میں سردار علی گوہر مہر این اے 199 سے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں تو بھائی علی نواز مہر اور  چچا زاد محمد بخش مہر صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار ہیں۔ سکھر  میں جہاں سید خورشید شاہ قومی کے اسمبلی کے حلقہ این اے 201  سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں وہیں بیٹا سید فرخ شاہ اور  داماد اویس شاہ بھی صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پارٹی ٹکٹ کے حصول میں کامیاب رہے۔ شکارپور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 سے شہریار خان مہر جب کہ ان کے بھائی عارف خان مہر صوبائی اسمبلی کی نشست پر پی پی امیدوار ہیں۔ ضلع مٹیاری میں مخدوم جمیل الزمان قومی اسمبلی جب کہ بیٹا مخدوم محبوب الزماں اور  بھتیجا مخدوم فخر زمان صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز  ہیں۔خیرپور میں قائم علی شاہ صوبائی جب کہ ان کی بیٹی نفیسہ شاہ اور بھانجا جاوید علی شاہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر  پیپلز پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرسکے۔نواب یوسف تالپور قومی اور ان کے بیٹے تیمور تالپور صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہیں، عمرکوٹ ہی سے سید سردار شاہ  اور  ان کے کزن امیر شاہ صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہیں جب کہ سردار شاہ کے ہم زلف ضیا عباس شاہ ٹنڈو اٰلہ یار سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن