قائدین انٹر نیشنل ختم نبوت کامولانا مسعودالرحمن عثمانی کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ
لاہور( خصوصی نامہ نگار)انٹر نیشنل ختم نبوت مو ومنٹ ورلڈ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ،ورلڈمرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج،نائب امیرمولانا عبدالرؤف مکی، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،معاون خصوصی امیر مرکزیہ مولانا محمد بن سعید، مرکزی ترجمان مولانا مجیب الرحمن،مولانا قاری محمد طیب عباسی، مولانا محمدامداد اللہ قاسمی، مولانا قاری شبیر احمد عثمانی،مولانا قاری محمدرفیق وجھوی،مولانا افتخاراللہ شاکر اور مولانا غلام یاسین صدیقی نے سنی علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مسعودالرحمن عثمانی کی اسلام آباد میں مظلومانہ شہادت پر شدید مذمت،غم و غصہ کااظہار اورسفاک قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ دارالحکومت اسلام آبادمیں دن دیہاڑے اہل سنت کے ایک نامورجیدعالم دین کی مظلومانہ شہادت اورقاتلوں کافرارپوری قوم کے لمحہ فکریہ اور امن وامان پرسوالیہ نشان ہے۔ علامہ مسعودالرحمن عثمانی شہید علم و عمل کے پیکر،سچے عاشق رسول اور محافظ ختم نبوت تھے۔ ان کی تمام زندگی ناموس صحابہؓ واہل بیتؓ کے تحفظ اورازواج مطہراتؓ کے تقدس کے دفاع میں گزری۔ انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ علامہ مسعودالرحمن عثمانی شہید کے لواحقین وورثاء اور سنی علماء کونسل پاکستان کے قائدین و کارکنان کے غم میں برا بر کے شریک ہے۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعاء کی۔