• news

آئی جی پنجاب کا دورہ  جامعہ اشرفیہ‘چیف ایڈ منسٹریٹر ‘پرنسپل سے ملاقات

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے دینی درسگاہ جامعہ اشرفیہ کا دورہ کیا اور جامعہ اشرفیہ کے چیف ایڈمنسٹریٹر حافظ اسد عبید اور پرنسپل جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم سے ملاقات کی۔مولانا زبیر حسن، مولانا اجود عبید ، مولانا اویس حسن، مفتی احمد علی، مولانا حافظ سعد،حافظ عبدالرشید اور قاری ارشد عبید سمیت دیگر علمائے کرام اور معلمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے جامعہ اشرفیہ میں کلاس رومز،لائبریری،کمپیوٹر لیب،مسجد اور دیگر حصوں کا دورہ کیااور طلبہ سے ملاقات کی،ان سے تعلیمی سرگرمیوں بارے دریافت کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ میں مختلف مکتبہ فکر کے ہزاروں بچے دینی علوم کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اس درسگاہ کے تمام کلاس رومز جدید سہولیات سے آراستہ اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر ہو رہے ہیں۔یہاں آنے کا مقصد دینی درسگاہوں کا اصل تشخص سب کے سامنے لانا ہے۔یہاں کسی بچے کو زبردستی تعلیم نہیں دی جا رہی،نہ ہی کسی کو زنجیر میں جکڑا گیا ہے،بچے اور نوجوان طلبا بہترین ماحول میں قرآن حدیث اور دیگر دینی علوم کی تعلیم میں مشغول ہیں۔کچھ عناصر بے بنیاد خبروں کو وائرل کرکے دینی درسگاہوں کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں،جسے زائل کرنے کیلئے علمائے کرام کیساتھ ساتھ تمام مکاتیب فکر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔چیف ایڈ منسٹریٹر حافظ اسد عبید نے آئی جی پنجاب کو جامعہ اشرفیہ میں دستیاب سہولیات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جامعہ اشرفیہ میں عربی،فارسی، چینی اور انگلش زبانوں میں بھی بچوں کو دینی تعلیم دی جا رہی ہے۔جامعہ اشرفیہ کی ویب سائٹ اور ٹول فری نمبر سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو دینی مسائل بارے راہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔اہل حدیث ، بریلوی ، دیو بندی اور اہل تشیع تمام مکتبہ فکر کے 4 ہزار سے زائد طلبا جامعہ اشرفیہ میں زیر تعلیم ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جامعہ اشرفیہ میں جاری تعلیمی سرگرمیوں بارے خصوصی پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی،ڈی آئی جی ایلیٹ منصور الحق،ایس ایس پی آپریشنز لاہور علی رضا،ایس پی ارتضی،ایس ڈی پی او گلبرگ اے ایس پی شہربانو نقوی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن