• news

لیول پلیئنگ فیلڈ،پی ٹی آئی الزامات مسترد: الیکشن کمشن کا سپریم کورٹ میں جواب،سیکرٹری کمشن نے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد (وقائع  نگار) لیول پلیئنگ فیلڈ، سپریم کورٹ توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔  الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ فراہم کرنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے  درخواست کو  جرمانے کے ساتھ مسترد کرنے کی استدعا کردی۔ 26 دسمبر تک تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں 33 شکایات درج کروائی گئیں۔ تحریک انصاف کی شکایات پر اقدامات اور ہدایات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ کو فراہم کردی گئی۔ تحریک انصاف کی شکایات پر آئی جی، چیف سیکرٹری اورآر اوز نے عملدرآمد رپورٹس بھی جمع کروائیں۔ لیول پلیئنگ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو آر اوز کی رپورٹ کے تناظر میں مسترد کرتے ہیں۔ ڈیٹا کے مطابق تحریک انصاف کے قومی اسمبلی  843 میں 598 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔ تحریک انصاف 245 کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے۔ صوبائی اسمبلیوں کیلئے 1777 میں 1398 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔ صوبائی اسمبلیوں کیلئے تحریک انصاف کے 379 کاغذات مسترد کئے گئے۔ تحریک انصاف کے امیدواران کے 76.18 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے خرابی صحت کے باعث اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ تاہم ان کا استعفی تاحال چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے منظور نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک ذہین اور محنتی آفیسر ہیں اور وہ بہت اچھے طریقے سے کمیشن کا کام کر رہے ہیں تاہم پچھلے کچھ دنوں سے ان کی صحت خراب تھی اور وہ اس سے قبل بھی میڈیکل ریسٹ پر رہے ہیں۔ اب بھی اگر ان کی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد ہی اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے۔ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور اس کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے۔ حتیٰ کہ تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن اور اس کے دفاتر کام کر رہے ہیں۔ سیکرٹری کی غیر موجودگی میں کمیشن کے دونوں سپیشل سیکرٹری صاحبان احسن طریقے سے کمیشن کے کام کو چلا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن