شدید دھند، سردی کا راج برقرار، پروازیں منسوخ، ٹرینیں لیٹ ہوتی رہیں، بجلی، گیس بھی غائب
لاہور /فیروزوالہ / شرقپور شریف(نمائندگان+ ایجنسیاں) ملک بھر میں شدید دھند اور سردی کے باعث اندرون، بیرون ملک پروازوں کی منسوخی اور ٹرینوں کی تاخیر گزشتہ روز بھی جاری رہی۔ جبکہ ملک بھر میں بجلی، گیس کی شدید لوڈشیڈنگ نے عوام کو اذیت میں مبتلا کئے رکھا۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی کی لہر ہے‘ بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث پارہ نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا۔ وادی کوئٹہ کے پہاڑوں، زیارت اور قلات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ تاہم بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی گئی۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق 22 ملکی و غیرملکی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد دوحہ پی کے 287، دبئی پی کے 233، مسقط پی کے 292پرواز منسوخ کر دی گئی۔ اسلام آباد سے پی آئی اے کی العین کی پرواز پی کے 144 اور ابوظہبی کی 262 بھی منسوخ ہوگئی۔ پشاور سے مسقط کی پرواز پی کے 259، 260، ابوظہبی پی کے 217، 218، دوحہ پی کے 286بھی اڑان نہیں بھر سکی۔ پشاور سے دبئی پی کے 284 اور کراچی ای آر 551 بھی ٹیک آف نہ کر سکی ۔ لاہور سے کوالالمپور پی کے 898، 899 اور دبئی پی کے 235 بھی منسوخ کر دی گئی۔ ایوی ایشن کے مطابق اتحاد ایئرویز کی ابوظہبی لاہور کی پرواز ای وائی 241، لاہور کوئٹہ پی کے 322، 323، کراچی پی آر 522، 523 بھی منسوخ کر دی گئی۔ جبکہ ملتان شارجہ پی آئی اے کی پروازیں 293 اور 294 بھی کینسل ہوگئی۔ کراچی سے پشاور جانے والی خیبرمیل ایکسپریس 1 گھنٹہ 50 منٹ، کراچی سے لاہور آنے والی گرین لائن ایک گھنٹہ 55 منٹ، تیزگام 3گھنٹے، کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس 2گھنٹے 40 منٹ، کراچی سے آنے والی کراچی ایکسپریس 3گھنٹے، ہزارہ ایکسپریس 1 گھنٹہ 50 منٹ، ملت ایکسپریس ساڑھے 4گھنٹے، بہائوالدین زکریا ایکسپریس 2 گھنٹے، کراچی سے آنے والی پاک بزنس ایکسپریس پونے 2گھنٹے، کراچی سے براستہ قصور آنے والی فرید ایکسپریس 2گھنٹے، کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس ساڑھے 6گھنٹے، جعفر ایکسپریس 1 گھنٹہ 40 منٹ، کراچی سے آنے والی رحمان بابا ایکسپریس 2 گھنٹے 50 منٹ اور پاکستان ایکسپریس 2 گھنٹے 55 منٹ تاخیر کا شکار رہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا۔ گیس کی بندش کے پیش نظر لکڑی اور کوئلے کے ایندھن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہری شدید پریشان رہے۔ بیشتر دیہات میں کھانا بنانے کے اوقات کار میں بھی گیس شہریوں کو میسر نہیں۔ چنیوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف پرانا شہر، ہاؤسنگ کالونی، بھکھی روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں صارفین نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق گیس لوڈشیڈنگ کے باعث عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ شدید سرد موسم میں گیس کی فراہمی کو سو فیصد بہتر کیا جائے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گاؤں ناظرلبانہ کا رہائشی مظفرعلی نجی سوسائٹی کا سکیورٹی گارڈ دھند کی وجہ سے گری ہوئی 11Kva تار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا۔