شیڈول پر الیکشن نہ کرائے گئے تو ملکی استحکام کو خطرات لاحق ہونگے: سراج الحق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام ناکام سیاسی جماعتوں کی نالائقیوں اور نااہلیوں کو پہچان چکے ہیں جس کی وجہ سے سابق حکمران عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ نظر آرہے ہیں۔ تینوں ناکام سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے منشور کی بجائے کارکردگی پیش کریں۔ ملک و قوم کے دشمن الیکشن میں التوا چاہتے ہیں، جن خدشات کے پیش نظرانتخابات ملتوی کرنے کی بازگشت ہو رہی ہیں۔ اْن سب کا حل بروقت اور شفاف انتخابات ہی ہیں۔ جمہوری اور ترقی یافتہ ریاستیں ہر قیمت پر عوام کو حق رائے دہی کا موقع دیتی ہیں۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن نہ کرائے گئے تو ملکی استحکام اور یکجہتی کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔ جماعت اسلامی فوری غیرجانبدار اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ ملک ترقی اور استحکام کی طرف گامزن ہو۔ عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگا کر ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احیا ء العلوم بلامبٹ میں تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی دیر پائین و نامزد امیدوار پی کے 17 اعزازالملک افکاری، امیدوار پی کے 14صاحبزادہ یعقوب اور امیدوار پی کے 16 شاد نواز خان بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ عام آدمی اس وقت ملکی حالات سے پریشان ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے نام پر اضافہ ظلم ہے جس کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں عوام کے ووٹ سے کامیابی حاصل کر کے ملک کی تقدیر بدلیں گے۔